Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تمہیں شب وعدہ درد سر تھا یہ سب ہیں بے اعتبار باتیں

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

تمہیں شب وعدہ درد سر تھا یہ سب ہیں بے اعتبار باتیں

یقیں نہ آئے گا ہم کو ہرگز بناؤ گو تم ہزار باتیں

نہیں جو منظور تم کو ملنا تو کیوں نہیں صاف صاف کہتے

سمجھ میں آتی نہیں ہمارے کرو نہ تم پیچ دار باتیں

اٹھی ہے کالی گھٹا فلک پر ہے ساقیٔ ماہ وش بغل میں

بہک بہک کر ہیں کیا مزے سے بنا رہے بادہ خوار باتیں

ہوئیں ہیں جس دن سے چار آنکھیں تمہاری اے یار مشرقیؔ سے

یہی تمنا ہے بیٹھ کر تم سنو ہماری دو چار باتیں

ہے آئی مشکل سے وصل کی شب کہ جس کی مدت سے تھی تمنا

جو میں نے شکوے کیے تھے اس کی کرو نہ تم بار بار باتیں

یہ کیا محل ہے کہ آج کرتے ہو شیخ جی ذکر زہد و تقویٰ

یہی ہے واجب کہ ہوں گل و مل کی وقت فصل بہار باتیں

جو آج آئے ہو میرے گھر پر تو ہے یہ ذکر رقیب کیسا

نہ کیجیے مشرقیؔ سے صاحب کہ ہیں یہ سب ناگوار باتیں