Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تنہائی کے سب دن ہیں، تنہائی کی سب راتیں

محمد علی جوہر

تنہائی کے سب دن ہیں، تنہائی کی سب راتیں

اب ہونے لگیں ان سے ، خلوت میں ملاقاتیں

ہر لحظہ تشفی ہے، ہر آن تسلی ہے

ہر وقت ہے دل جوئِی ، ہر دم ہیں مدا راتیں

کوثر کے تقاضے ہیں، تسنیم کے وعدے ہیں

ہر روز یہی چرچے ، ہر روز یہی باتیں

معراج کی سی حاصل ، سجدوں میں ہے کیفیت

اک فاسق و فاجر ہیں، اور ایسی کراماتیں؟

بے مایہ سہی لیکن، شاید وہ بلا بھیجیں

بھیجی ہیں در ودوں کی کچھ ہم نے بھی سوغاتیں