Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تیری محفل میں جتنے اے ستم گر جانے والے ہیں

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

تیری محفل میں جتنے اے ستم گر جانے والے ہیں

ہمیں ہیں ایک ان میں جو ترا غم کھانے والے ہیں

عدم کے جانے والو دوڑتے ہو کس لیے ٹھہرو

ذرا مل کے چلو ہم بھی وہیں کے جانے والے ہیں

صفائی اب ہماری اور تمہاری ہو تو کیوں کر ہو

وہی دشمن ہیں اپنے جو تمہیں سمجھانے والے ہیں

کسے ہم دوست سمجھیں اس جہاں میں اور کسے دشمن

کہ جو سمجھانے والے ہیں وہی بہکانے والے ہیں

مرض بڑھ جائے جس سے اے طبیب اب وہ دوا دینا

سنا ہے آج وہ میری خبر کو آنے والے ہیں

نہ سنتے ہیں کسی کی اور منہ سے بات کرتے ہیں

خدا جانے مسافر یہ کہاں کے جانے والے ہیں

ترے بیمار کب کھائیں دوا پرہیز کیا جانیں

یہ ہیں خون جگر پیتے یہ غم کے کھانے والے ہیں

قیامت تک نہ وہ اے مشرقیؔ منزل پہ پہنچیں گے

خیالی گھوڑے جو میدان میں دوڑانے والے ہیں