Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تیری ابرو پہ صنم کیا ہی یہ خال اچھا ہے

احمد شاہ خاں شبنم

تیری ابرو پہ صنم کیا ہی یہ خال اچھا ہے

ایسے کعبہ کے لئے یہ ہی بلال اچھا ہے

دل مرا دیکھ کے منہ پھیر کے نفرت سے کہا

یہ تو کچھ بھی نہیں سنتے تھے کہ مال اچھا ہے

غیر کے ساتھ وہ آتے ہیں عیادت کے لئے

ان سے کہہ دے کوئی جا کر مرا حال اچھا ہے

آج اس بت کو دکھا لائے تجھے اے واعظ

اب نہ کہنا کبھی حوروں کا جمال اچھا ہے

جام جم چاہئے شبنمؔ کو نہ اے پیر مغاں

جلد دے بھر کے یہی جام سفال اچھا ہے