Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تھک گئے تم حسرت ذوق شہادت کم نہیں

امیر اللہ تسلیم

تھک گئے تم حسرت ذوق شہادت کم نہیں

مجھ سے دم لے لو اگر تیغ ستم میں دم نہیں

دردمندان ازل رکھتے نہیں درماں کا غم

سینۂ صد چاک گل منت کش مرہم نہیں

روز مرتے ہیں ہزاروں دیکھ کر نیرنگ حسن

گر یہی عالم تمہارا ہے تو یہ عالم نہیں

مر مٹے ہم عشق کے شہرے وہی ہیں چار سو

شور رسوائی پس مردن بھی اپنا کم نہیں

نالۂ آتش فشاں یوں ہی اگر ہے اوج پر

تو نہیں اے آسمان فتنہ گر یا ہم نہیں

بے ثباتی پر بہار باغ کی روتا ہے چرخ

روئے گل پر قطرہ ہائے اشک ہیں شبنم نہیں

خوش ہیں میرے مرنے سے تسلیمؔ خویش و اقربا

خانۂ شادی ہے گویا خانۂ ماتم نہیں