Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تڑپا کیا جو یہ دل مضطر تمام رات

سید ہمایوں میرزا حقیر

تڑپا کیا جو یہ دل مضطر تمام رات

کاٹی ہے میں نے کیا کہوں کیوں کر تمام رات

اپنے مکاں پہ جب مہ پیکر نہیں ملا

پھرتا رہا رقیبوں کے گھر گھر تمام رات

لڑ کر جو مجھ سے وہ ستم آرا چلا گیا

کاٹی ہے میں نے تارے ہی گن کر تمام رات

پچھلے پہر سے آنکھ کھلی بے قرار ہوں

آیا جو خواب میں مہ انور تمام رات

اپنے مکاں سے اس نے نکالا جو رات کو

لے کر پھرا میں کاندھے پہ بستر تمام رات

اس درد دل سے میں جو کراہا کیا دلا

بے چین میرے ساتھ بنا گھر تمام رات

فرقت میں میری زندگی دشوار ہو گئی

میں کروٹیں بدلتا ہوں دن بھر تمام رات

کیوں کر نہ ناز اپنے مقدر پہ ہو حقیر

دیکھا جو خواب ساقیٔ کوثر تمام رات