Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تڑپ کے لوٹ کے آنسو بہا کے دیکھ لیا

شرف مجددی

تڑپ کے لوٹ کے آنسو بہا کے دیکھ لیا

لگی نہ دل کی تجھے دل لگا کے دیکھ لیا

کسی نے داد نہ دی کچھ فسانۂ دل کی

انہیں بھی درد محبت سنا کے دیکھ لیا

کسے امید تھی آؤ گے تم دم آخر

بڑا کمال کیا تم نے آ کے دیکھ لیا

کہا تھا میں نے کہ دشوار دل کا لینا ہے

وہ بولے دور سے مجھ کو دکھا کے دیکھ لیا

غضب کیا کہ چکھا کر مے سخن کا مزا

شرفؔ سے شخص کو بے خود بنا کے دیکھ لیا