Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تھی تو سہی پر آج سے پہلے ایسی حقیر فقیر نہ تھی

مختار صدیقی

تھی تو سہی پر آج سے پہلے ایسی حقیر فقیر نہ تھی

دل کی شرافت ذہن کی جودت اتنی بڑی تقصیر نہ تھی

سچ کہتے ہو ہم ایسے کہاں اور سوز و گداز عشق کہاں

سچ ہے مرے آئینۂ دل میں کوئی کبھی تصویر نہ تھی

اب جو اچاٹ ہوئی ہے طبیعت شاید اب ہم رخصت ہیں

بن کارن بے بات وگرنہ ایسی کبھی دلگیر نہ تھی

اہل جنوں کو فصل خزاں سے اب کے بھی گو نہ ربط رہا

اب کے بہار وہ آئی کی جس کی بوئے گل بھی سفیر نہ تھی

آخر غیرت نے سمجھایا نومیدانہ زیست کریں

باقی ہر تدبیر تو کی جو اپنے خلاف ضمیر نہ تھی