Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب اس کا ادھر ہم گزر دیکھتے ہیں

Nazeer Akbarabadi (1735–1830)

جب اس کا ادھر ہم گزر دیکھتے ہیں

تو کر دل میں کیا کیا حذر دیکھتے ہیں

ادھر تیر چلتے ہیں ناز و ادا کے

ادھر اپنا سینہ سپر دیکھتے ہیں

ستم ہے کن انکھیوں سے گر تاک لیجے

غضب ہے اگر آنکھ بھر دیکھتے ہیں

نہ دیکھیں تو یہ حال ہوتا ہے دل کا

کہ سو سو تڑپ کے اثر دیکھتے ہیں

جو دیکھیں تو یہ جی میں گزرے ہے خطرہ

ابھی سر اڑے گا اگر دیکھتے ہیں

مگر اس طرح دیکھتے ہیں کہ اس پر

یہ ثابت نہ ہو جو ادھر دیکھتے ہیں

چھپا کر دغا کر نظیرؔ اس صنم کو

غرض ہر طرح اک نظر دیکھتے ہیں