Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب تک کہ تری گالیاں کھانے کے نہیں ہم

Mushafi Ghulam Hamdani (1751–1824)

جب تک کہ تری گالیاں کھانے کے نہیں ہم

اٹھ کر ترے دروازے سے جانے کے نہیں ہم

جتنا کہ یہ دنیا میں ہمیں خوار رکھے ہے

اتنے تو گنہ گار زمانے کے نہیں ہم

ہو جاویں گے پامال گزر جاویں گے جی سے

پر سر ترے قدموں سے اٹھانے کے نہیں ہم

آنے دو اسے جس کے لیے چاک کیا ہے

ناصح سے گریباں کو سلانے کے نہیں ہم

جب تک کہ نہ چھڑکے گا گلاب آپ وہ آ کر

اس غش سے کبھی ہوش میں آنے کے نہیں ہم

جاویں گے صبا باغ میں گلگشت چمن کو

پر تیری طرح خاک اڑانے کے نہیں ہم

اے مصحفیؔ خوش ہونے کا نہیں ہم سے وہ جب تک

سر کاٹ کے نذر اس کو بھجانے کے نہیں ہم