Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب تک اپنے دل میں ان کا غم رہا

احسن مارہروی

جب تک اپنے دل میں ان کا غم رہا

حسرتوں کا رات دن ماتم رہا

ہجر میں دل کا نہ تھا ساتھی کوئی

درد اٹھ اٹھ کر شریک غم رہا

کر کے دفن اپنے پرائے چل دیے

بیکسی کا قبر پر ماتم رہا

سیکڑوں سر تن سے کر ڈالے جدا

ان کے خنجر کا وہی دم خم رہا

آج اک شور قیامت تھا بپا

تیرے کشتو کا عجب عالم رہا

حسرتیں مل مل کے روتیں یاس سے

یوں دل مرحوم کا ماتم رہا

لے گیا تا کوئے یار احسنؔ وہی

مدعی کب دوستوں سے کم رہا