Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جاگا وہاں نصیب عدو کا تمام رات

شاہ اکبر داناپوری

جاگا وہاں نصیب عدو کا تمام رات

میں بے قراریوں سے نہ سویا تمام رات

میری گلی سے اس کو لگا لے گیا رقیب

میں دیکھتا ہی رہ گیا رستہ تمام رات

تھا بزم غیر میں جو وہاں شغل دور جام

درد جگر کا تھا یہاں دورا تمام رات

مدت ہوئی کہ خواب سے واقف نہیں ہے آنکھ

رہتا ہے زلف یار کا سودا تمام رات

پایا نہ تیرگیٔ شب ہجر میں پتا

مجھ کو اجل نے خوب ہی ڈھونڈا تمام رات

دم بھر بھی میرے دل نے نہ سونے دیا اسے

رویا کیا یہ ہجر کا دھڑکا تمام رات

سوہان روح تھا شب وعدہ میں انتظار

لیکن وہ حیلہ جو نہیں آیا تمام رات

یہ حسن یار نے کیا حیراں شب وصال

تکتا ہی رہ گیا رخ زیبا تمام رات

میرا خیال ہجر کی شب وصل بن گیا

پیش نگاہ یار کو رکھا تمام رات

اکبرؔ شب فراق میں جاگے مرے نصیب

میں نے اسی کو خواب میں دیکھا تمام رات