Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب سے دیکھا ہے بنا گوش قمر میں تنکا

میاں داد خاں سیاح

جب سے دیکھا ہے بنا گوش قمر میں تنکا

پھانس کی طرح کھٹکتا ہے جگر میں تنکا

نیزہ بازی پہ ہمیں اپنی نہ دھمکا اے ترک

ہم سمجھتے ہیں اسے اپنی نظر میں تنکا

آتش نالۂ بلبل یہ چمن میں بھڑکی

نہ بچا نام کو صیاد کے گھر میں تنکا

خار مژگاں کو نظر بھر کے نہ دیکھا میں نے

پڑ گیا اڑ کے مرے دیدۂ تر میں تنکا

سن کے آمد تری آنکھوں سے اٹھا لیتے ہیں

دیکھتے ہیں جو پڑا راہ گزر میں تنکا

گرد اس بحر صفا کے میں پھرا کرتا ہوں

رہتا ہے گردی میں جس طرح بھنور میں تنکا

آہ سوزاں نے جلائے ترے جنگل سیاحؔ

نام کو بھی نہ رہا ایک شجر میں تنکا