Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب ملیں گے کہ اب ملیں گے آپ

بشیر الدین احمد دہلوی

جب ملیں گے کہ اب ملیں گے آپ

نہیں معلوم کب ملیں گے آپ

جائیے جائیے خدا حافظ

دیکھیے بچھڑے کب ملیں گے آپ

حشر میں آپ ہی ملیں گے کیا

ایک سے ایک سب ملیں گے آپ

ہوگا میرے لیے وہ عید کا دن

آپ سے آ کے جب ملیں گے آپ

عہد کے ساتھ یہ بھی ہو ارشاد

کس طرح اور کب ملیں گے آپ

زندگی میں تو مل نہیں سکتے

ہوں گا جب جاں بلب ملیں گے آپ

وعدۂ وصل پر نہ کیوں خوش ہوں

میں نے سمجھا کہ اب ملیں گے آپ

نہیں دنیا میں جب بشیرؔ حزیں

کس طرح اس سے اب ملیں گے آپ