Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب جوانی نہیں تو پھر کیا ہے

سید امیر حسن بدر

جب جوانی نہیں تو پھر کیا ہے

زندگانی نہیں تو پھر کیا ہے

نظم وصف دہن جو کرتا ہوں

غیب دانی نہیں تو پھر کیا ہے

حور کے ذکر پر بگڑتے ہو

بد گمانی نہیں تو پھر کیا ہے

خوب دیکھی شبیہ یوسف کی

نقش ثانی نہیں تو پھر کیا ہے

خوش نوایان باغ و کنج قفس

دانہ پانی نہیں تو پھر کیا ہے

ناز اٹھتے نہیں حسینوں کے

ناتوانی نہیں تو پھر کیا ہے

دی جگہ مجھ کو اپنے پہلو میں

مہربانی نہیں تو پھر کیا ہے

ارنی کا جواب اے موسیٰ

لن ترانی نہیں تو پھر کیا ہے

دل مضطر میں داغ چھلے کا

یہ نشانی نہیں تو پھر کیا ہے

ہو پریشان مجھ سے خلوت میں

بد گمانی نہیں تو پھر کیا ہے

آتش تر کو دیکھ اے واعظ

آگ پانی نہیں تو پھر کیا ہے

ترے ساقی سفید سینہ میں

ارغوانی نہیں تو پھر کیا ہے

تو سنے طور پر کلیم کی بات

خوش بیانی نہیں تو پھر کیا ہے

زندگی جس کو لوگ کہتے ہیں

بدرؔ فانی نہیں تو پھر کیا ہے