Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب کہو کیوں ہو خفا کیا باعث

سید یوسف علی خاں ناظم

جب کہو کیوں ہو خفا کیا باعث

کہتے ہیں پوچھنے کا کیا باعث

بھولی صورت کی ہے خوبی ورنہ

ہو عدو دوست نما کیا باعث

میں نے کی آہ تو بولے ناگاہ

ہو گئے گرم ہوا کیا باعث

آتا ہے دیکھ کے انجم کو خیال

ہے فلک آبلہ پا کیا باعث

وعدہ کرنے کی ضرورت کیا تھی

پھر نہ آنے کا بھلا کیا باعث

گر نہ تھی ہجر میں امید وصال

جیتے رہنے کا ہوا کیا باعث

دم نکلتا ہے مرا رک رک کر

کند ہے تیغ قضا کیا باعث

چشمۂ خضر میں مے ہی بے شک

آب ہو عمر فزا کیا باعث

تم کرو ترک جفا کیا امکان

ہم کریں ترک وفا کیا باعث

نالہ کرتا نہیں ناظمؔ تاثیر

تیر ہوتا ہے خطا کیا باعث