Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب کہ فرقت میں موت آتی ہے

میر مظفر حسین ضمیر

جب کہ فرقت میں موت آتی ہے

حسرت وصل ساتھ جاتی ہے

کیوں صبا قبر بے کساں پہ کبھی

نہیں دو پھول بھی چڑھاتی ہے

بھول جاتی ہے قبر کی ظلمت

یاد زلف سیہ جو آتی ہے

جو ترا غم ہمیشہ کھاتا تھا

اب اسے خاک گور کھاتی ہے

کون اس خاک پر خراماں ہے

روح پھولے نہیں سماتی ہے

یہاں نقشہ بگڑ گیا اپنا

وہ پری آپ کو بناتی ہے

نہ چراغاں ہو قبر پر تو کیا

بے کسی تو جگر جلاتی ہے

جا کے کر دو قدم تو استقبال

تیرے کشتہ کی لاش آتی ہے

نہ پدر کو خبر نہ مادر کو

بے کسی کیا مزے دکھاتی ہے