Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جب یاد کیا اس نے پھر کس کی فراموشی

شاہ اکبر داناپوری

جب یاد کیا اس نے پھر کس کی فراموشی

یوں آتے ہیں ہوش اکبرؔ یوں جاتی ہے بے ہوشی

بیٹھے ہوئے آنکھوں میں خود محو تماشا ہو

دیکھا کرو تم ہم کو ہم دیکھیں تو روپوشی

وہ تربت عاشق پر منہ ڈھانپ کر آئے ہیں

اللہ رے شرم ان کی اللہ رے رو پوشی

سنتے ہیں کہ تھا پہلے دریا میں نہاں قطرہ

اب بحر نے چاہی ہے قطرے سے ہم آغوشی

محشر بھی ہوا برپا اٹھے نہ ترے کشتے

بے ہوش ہے نام اس کا اللہ رے بے ہوشی

بھولے گا نہ اے اکبرؔ استاد کا یہ مصرع

ساقی دئے جا ساغر جب تک نہ ہو بے ہوشی