Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جس زمیں پر ترا نقش کف پا ہوتا ہے

پنڈت ہری چند اختر

جس زمیں پر ترا نقش کف پا ہوتا ہے

ایک اک ذرہ وہاں قبلہ نما ہوتا ہے

کاش وہ دل پہ رکھے ہاتھ اور اتنا پوچھے

کیوں تڑپ اٹھتا ہے کیا بات ہے کیا ہوتا ہے

بزم دشمن ہے خدا کے لیے آرام سے بیٹھ

بار بار اے دل ناداں تجھے کیا ہوتا ہے

میری صورت مری حالت مری رنگت دیکھی

آپ نے دیکھ لیا عشق میں کیا ہوتا ہے

اے صبا خار مغیلاں کو سنا دے مژدہ

عازم دشت کوئی آبلہ پا ہوتا ہے

ہم جو کہتے ہیں ہمیشہ ہی غلط کہتے ہیں

آپ کا حکم درست اور بجا ہوتا ہے