Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جتنا کوئی تجھ سے یار ہوگا

میر سوز

جتنا کوئی تجھ سے یار ہوگا

اتنا ہی خراب و خوار ہوگا

ہر روز ہو روز عید تو بھی

تو مجھ سے نہ ہم کنار ہوگا

بس دل اتنا تڑپ نہ چپ رہ

تجھ کو بھی کہیں قرار ہوگا

دیکھے جو کوئی چمن میں تجھ کو

گل اس کی نظر میں خار ہوگا

شکوے میں ہو جس کے خون کی بو

تیرا ہی وہ دل فگار ہوگا

ناصح نہ ہو گریہ سے جو مانع

میرا وہی غم گسار ہوگا

جا یار شتاب سوزؔ سے مل

تیرا اسے انتظار ہوگا