Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جس کا راہب شیخ ہو بت خانہ ایسا چاہیے

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

جس کا راہب شیخ ہو بت خانہ ایسا چاہیے

محتسب ساقی بنے مے خانہ ایسا چاہیے

رکھتا ہے سر خوش ہمیں ایک چشم میگوں کا خیال

ہو نہ جو پیماں شکن پیمانہ ایسا چاہیے

ہو خیال دیر دل میں اور نہ ہو پاس حرم

عاشقوں کا مسلک رندانہ ایسا چاہیے

اک نگاہ ناز پر قرباں کرے ہوش و خرد

عشق بازی کے لیے فرزانہ ایسا چاہیے

اس کے دل میں سوز ہو اور اس کے دل میں ہو گداز

شمع ایسی چاہیے پروانہ ایسا چاہیے

شمع ساں گھلتے رہیں ہم اور نہ ہو اس کو لگن

مشرقیؔ معشوق بے پروانہ ایسا چاہیے