Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جستجو

نارائن داس پوری

حقیقت کا تقاضا ہے ہو دل کو جستجو پہلے

حصول مدعا کو چاہئے کچھ آرزو پہلے

نگاہیں خود ہی آئیں گی چمن میں بہر نظارہ

ترے گلشن کے پھولوں میں مگر ہو رنگ و بو پہلے

اگر شیشہ میں صہبا ہے تو مے کش مل ہی جائیں گے

مہیا میکدے میں چاہئے جام و سبو پہلے

سما جائے گا سرمہ بن کے خلقت کی نگاہوں میں

تو اپنی ذات میں پیدا کرے گر آبرو پہلے

ہرے ہو جائیں گے اک دن تری امید کے بوٹے

چمن میں آنسوؤں کی تو بہا دے آب جو پہلے

گریباں چاک ہو مجنوں صفت گر شوق لیلیٰ ہے

پھرا کر دشت وحشت میں مثال قیس تو پہلے

خودی کو گر مٹائے گا خدا بھی مل ہی جائے گا

اٹھایا چاہئے دل سے حجاب ما و تو پہلے

ضروری ہے کہ کھل جائیں قبولیت کے دروازے

دعاؤں کو پوریؔ دل سے نکلنے کی ہو خو پہلے