Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جس نے تری بے باک ادا کو نہیں دیکھا

عبد الغفور نساخ

جس نے تری بے باک ادا کو نہیں دیکھا

واللہ کہ آنکھوں سے فضا کو نہیں دیکھا

کیوں مجھ کو سنائے نہ بھلا قصہ جنت

واعظ نے ترے مہر و وفا کو نہیں دیکھا

افسوس کہ سن ہی کے ابھی ہنستے ہو افسوس

تم نے جو اگر آہ و بکا کو نہیں دیکھا

گھبرائے ہوئے پھرتی ہے کیوں میرے طرح سے

تاثیر نے کیا میری دعا کو نہیں دیکھا

بیباکیاں دیکھیں ہیں تری بزم عدو میں

آنکھوں میں تری شرم و حیا کو نہیں دیکھا

کہتے ہیں غلط ہووے گا دشمن کا گزر خاک

کوچے میں ترے باد صبا کو نہیں دیکھا

معلوم نہیں تم کو وفا کہتے ہیں کس کو

تم نے ابھی ارباب وفا کو نہیں دیکھا

کیا خاک ہو امید مجھے اس سے وفا کی

میں نے تو کبھی اس کی جفا کو نہیں دیکھا

نازاں نہ ہوں کیوں خضر بھلا عمر پہ اپنی

حضرت نے ترا زلف رسا کو نہیں دیکھا

پردے سے نکلتے نہیں اور کہتے ہیں مجھ سے

پہچانو گے کیا ہم کو خدا کو نہیں دیکھا

آگے تری آنکھوں کے جھکائے ہوئے آنکھیں

کب آہوئے باور بہ خطا کو نہیں دیکھا

کیوں حضرت موسیٰ کی طرح نعش میں نساخؔ

گر تم نے بت ہوش ربا کو نہیں دیکھا