Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جنوں تعلیم کچھ فرما رہا ہے

نہال سیوہاروی

جنوں تعلیم کچھ فرما رہا ہے

خرد کا ساتھ چھوٹا جا رہا ہے

بڑھی جاتی ہے شمع بزم کی لو

کوئی پروانہ شاید آ رہا ہے

فنا کا پیش رو اس کو سمجھیے

جو لمحہ زندگی کا جا رہا ہے

الٰہی شرم رکھنا راز دل کی

کسی کا نام لب پر آ رہا ہے

تری روشن جبیں کا ہے وہ عالم

چراغ ماہ بھی شرما رہا ہے

نگہ نے شکل تک دیکھی نہیں ہے

پس پردہ کوئی تڑپا رہا ہے

نہالؔ آنکھیں اٹھا بہر نظارہ

کوئی سوئے گلستاں آ رہا ہے