Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو تمہارے لب جاں بخش کا شیدا ہوگا

Akbar Allahabadi (1846–1921)

جو تمہارے لب جاں بخش کا شیدا ہوگا

اٹھ بھی جائے گا جہاں سے تو مسیحا ہوگا

وہ تو موسیٰ ہوا جو طالب دیدار ہوا

پھر وہ کیا ہوگا کہ جس نے تمہیں دیکھا ہوگا

قیس کا ذکر مرے شان جنوں کے آگے

اگلے وقتوں کا کوئی بادیہ پیما ہوگا

آرزو ہے مجھے اک شخص سے ملنے کی بہت

نام کیا لوں کوئی اللہ کا بندا ہوگا

لعل لب کا ترے بوسہ تو میں لیتا ہوں مگر

ڈر یہ ہے خون جگر بعد میں پینا ہوگا