Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو زمیں پر فراغ رکھتے ہیں

بیاں احسن اللہ خان

جو زمیں پر فراغ رکھتے ہیں

آسماں پر دماغ رکھتے ہیں

ساقی بھر بھر انہیں کو دے ہے شراب

جو کہ لبریز ایاغ رکھتے ہیں

تیرے داغوں کی دولت اے گل رو

ہم بھی سینے میں باغ رکھتے ہیں

حاجت شمع کیا ہے تربت پر

ہم کہ دل سا چراغ رکھتے ہیں

آپ کو ہم نے کھو دیا ہے بیاںؔ

آہ کس کا سراغ رکھتے ہیں