Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو دل میں خون تمنا کیا نہ کرتے ہم

عاشق اکبرآبادی

جو دل میں خون تمنا کیا نہ کرتے ہم

تو مثل شعلہ بھڑک کر جلا نہ کرتے ہم

اگر نہ کشمکش وحشت جنوں ہوتی

تو چاک جیب و گریباں کیا نہ کرتے ہم

اگر نہ خاطر صیاد پر گراں ہوتے

تو یوں تڑپ کے قفس سے اڑا نہ کرتے ہم

امید نقش پہ آنے کی تیرے گر ہوتی

تو اپنے جینے کی ہرگز دعا نہ کرتے ہم

نہ ہوتے تیرے تغافل کے ہم اگر کشتے

تو زیر تیغ کبھی دم لیا نہ کرتے ہم

جو داغ سینۂ عاشق نہ مشعلی ہوتا

تو آفتاب سے نسبت دیا نہ کرتے ہم