Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ایک سے ربط ایک سے ہے بگاڑ

میر مہدی مجروح

ایک سے ربط ایک سے ہے بگاڑ

روز ہے واں یہی اکھاڑ پچھاڑ

اب وہ دل میں کبھی نہیں آتے

مدتوں سے یہ گھر پڑا ہے اجاڑ

کیوں ہے بے کار موسم گل میں

جیب کر چاک اور گریباں پھاڑ

کار عاشق جو ہو نگہ میں درست

کہیے کیا آپ کا ہے اس میں بگاڑ

کہتے ہو غیر جائے تو آؤں

خوب رکھی ہے آپ نے یہ آڑ

سنگ دل رکھ رکھاؤ دل کا رکھ

کہیں اس شیشے میں نہ آئے دراڑ

غیر جائے تو کام کیوں نہ بنے

دور چھاتی سے ہو کہیں یہ پھاڑ

قد کو ان کے کہا تھا سرو تو وہ

پیچھے لپٹے ہیں میرے ہو کر جھاڑ

عشق سے رہ الگ جہاں تک ہو

کہیں سر پر نہ آ پڑے یہ پھاڑ

قتل تو کر چکے نہ ہو بدنام

میرے لاشے کو دو زمین میں گاڑ

اس کا چھایا ہوا ہے ابر ستم

کیوں نہ تیروں کی مجھ پہ ہو بوچھاڑ

کوئی مہمان تازہ وارد ہے

بند رہتے ہیں رات دن جو کواڑ

وہ تفنگ مژہ ہیں صف آرا

تم پہ مجروحؔ چل نہ جائے باڑ