Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو مر گئے تری چشم سیاہ کے مارے

مرزا جواں بخت جہاں دار

جو مر گئے تری چشم سیاہ کے مارے

نہ حشر کو بھی اٹھیں گے نگاہ کے مارے

مثال برگ خزاں صرصر فراق سے آہ

پٹکتے پھرتے ہیں سر ہم تباہ کے مارے

عزیزو دل نہ دو یوسف کی کر کے چاہ کبھی

کہ جا کے چاہ میں گرتے ہیں چاہ کے مارے

الٰہی حشر میں آواز صور سن کیوں کر

اٹھوں گا آہ میں بار گناہ کے مارے

حذر کر آہ دل ناتواں سے اے ظالم

کہ کوہ ٹل گئے ہیں برگ کاہ کے مارے

نہ سمجھیو کہ فلک پر ستارے ہیں روشن

ہیں رخنہ دار مرے تیر آہ کے مارے

بسان نقش قدم تیرے در سے اہل وفا

اٹھاتے سر نہیں ہرگز تباہ کے مارے

اجڑ گئے خرد و صبر و ہوش و تاب و تواں

اسی کے ناز و ادا کی سپاہ کے مارے

جہان دل اے جہاں دارؔ ایک دن نہ بسا

جفائے شاہ تغافل شعار کے مارے