Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو میرے دل میں سہو تری یاد سے ہوا

ناطق لکھنوی

جو میرے دل میں سہو تری یاد سے ہوا

نام اس کا محو عالم ایجاد سے ہوا

برباد خاک دل ہے تو احسان حسن کیا

میں سر بلند عشق کی افتاد سے ہوا

ایسے بھی ہیں کہ جن کو رہائی کی فکر ہے

شرمندہ میں تو زحمت صیاد سے ہوا

ناقوس اور اذاں کی بنا عشق سے پڑی

فریاد کا چلن مری فریاد سے ہوا

عشق و ہوس نے مل کے بنائی ہے بزم حسن

یہ اتحاد مجمع اضداد سے ہوا

دنیائے بے ثبات کا قصہ تھا مختصر

طول اتنا میری قید کی میعاد سے ہوا