Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو نیش غم سے بے پروا نہ ہوگا

خوشی محمد ناظر

جو نیش غم سے بے پروا نہ ہوگا

تمہارا چاہنے والا نہ ہوگا

جو تیری یاد میں آنسو بہے گا

وہ جاناں گوہر یک دانہ ہوگا

حسین و مہ جبیں ہوں گے جہاں میں

مگر کافر ادا تجھ سا نہ ہوگا

ہے تو پردہ میں اور شور اک جہاں میں

یہ پردہ جب اٹھا پھر کیا نہ ہوگا

تڑپ جس دل میں یزداں کی نہ ہوگی

تو اہریمن کا وہ کاشانہ ہوگا

گلستاں آج سرمست نوا ہے

چمن میں جلوۂ جانانہ ہوگا

نہ ہو شاعر جو شمع بزم ہستی

جہاں میں عشق کا جلوا نہ ہوگا

نہ ہوں گے ہم نوا سنج بہاراں

تو گلزار جہاں ویرانہ ہوگا

نہ چھیڑیں ہم اگر تار رگ جاں

نوائے زندگی پیدا نہ ہوگا

رخ زیبا کی تصویر خیالی

ترے ناظرؔ کا یہ نذرانہ ہوگا