Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جو میرا لے گیا دل کون وہ انسان ہے کیا ہے

قاسم علی خان آفریدی

جو میرا لے گیا دل کون وہ انسان ہے کیا ہے

پری ہے یا ملک یا حور یا غلمان ہے کیا ہے

نظر زلفوں پہ اس کی جا پڑی جس کی لگا کہنے

یہ دونوں سانپ ہیں یا کاکل پیچان ہے کیا ہے

گیا ہوں بھول سب کچھ دختر رز جیسے ہاتھ آئی

جگر ہے جان ہے ایمان ہے ایقان ہے کیا ہے

ہمارے یار کے کچھ درمیاں جو بات بول اٹھے

رقیب رو سیہ غماز یا شیطان ہے کیا ہے

زمیں پر جھانکتے ہیں روز و شب افلاک سے کس کو

مہ و خور یا کسی کا دیدۂ حیران ہے کیا ہے

مرے رونے کو دیکھا ہجر میں جس نے سو یوں بولا

جھڑی برسات کی یا موجۂ طوفان ہے کیا ہے

بہ جوش عشق لٹکے ہے نہیں مجھ کو تمیز اتنی

بہ مژگاں لخت دل یا در ہے یا مرجان ہے کیا ہے

مری چھاتی پہ رکھ کر دست کی تشخیص حکما نے

یہ سینہ کان گندھک یا کہ آتش دان ہے کیا ہے

جلے سینہ سے دود اٹھا دماغ آشفتہ کر ڈالا

مکرر دل بھنا یا پھر جگر بریان ہے کیا ہے

نہ بھول اے خضر مر جانا ہے آخر ٹک جیا تو کیا

اگر مادام ہے کیا ہے وگر یک آن ہے کیا ہے

فنا فی الشیخ ہو، تفریق افریدیؔ نہ کر ہرگز

نبی ہے یا علی یا حافظ قرآن ہے کیا ہے