Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جہاں دیکھو وہاں موجود میرا کرشن پیارا ہے

بھارتیندو ہریش چندر

جہاں دیکھو وہاں موجود میرا کرشن پیارا ہے

اسی کا سب ہے جلوا جو جہاں میں آشکارا ہے

بھلا مخلوق خالق کی صفت سمجھے کہاں قدرت

اسی سے نیتی نیتی اے یار دیدوں نے پکارا ہے

نہ کچھ چارا چلا لاچار چاروں ہار کر بیٹھے

بچارے بید نے پیارے بہت تم کو بچارا ہے

جو کچھ کہتے ہیں ہم یہی بھی ترا جلوا ہے اک ورنہ

کسے طاقت جو منہ کھولے یہاں ہر شخص ہارا ہے

ترا دم بھرتے ہیں ہندو اگر ناقوس بجتا ہے

تجھے بھی شیخ نے پیارے اذاں دے کر پکارا ہے

جو بت پتھر ہیں تو کعبے میں کیا جز خاک و پتھر ہیں

بہت بھولا ہے وہ اس فرق میں سر جس نے مارا ہے

نہ ہوتے جلوہ گر تم تو یہ گرجا کب کا گر جاتا

نصاریٰ کو بھی تو آخر تمہارا ہی سہارا ہے

تمہارا نور ہے ہر شے میں کہہ سو کوئی تک پیارے

اسی سے کہہ کے ہر ہر تم کو ہندو نے پکارا ہے

گنہ بخشو رسائی دو رساؔ کو اپنے قدموں تک

برا ہے یا بھلا ہے جیسا ہے پیارے تمہارا ہے