Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جہاں میں کہاں باہم الفت رہی ہے

غلام یحییٰ حضورعظیم آبادی

جہاں میں کہاں باہم الفت رہی ہے

مگر صرف صاحب سلامت رہی ہے

ہے افسوس اے عمر جانے کا تیرے

کہ تو میرے پاس ایک مدت رہی ہے

یہ طوفان اشک اس میں آنکھوں کی کشتی

تعجب ہے کیوں کر سلامت رہی ہے

اگرچہ تری یاد میں خوش ہوں لیکن

ان آنکھوں سے دیکھوں یہ حسرت رہی ہے

مت امید بوسے کی رکھ دلبروں سے

حضورؔ اب کسے اتنی ہمت رہی ہے