Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جی چاہے گا جس کو اسے چاہا نہ کریں گے

کرامت علی شہیدی

جی چاہے گا جس کو اسے چاہا نہ کریں گے

ہم عشق و ہوس کو کبھی یکجا نہ کریں گے

اے کاش چھٹیں عہد شکن بن کے جہاں میں

باز آئے وفاداری کا دعویٰ نہ کریں گے

گو حسن پرستی نہ ہو خاطر سے فراموش

خوش قامتوں کا یاد سراپا نہ کریں گے

نرگس کی شب تیرہ میں لوٹیں گے بہاریں

پر سرمگیں آنکھوں کی تمنا نہ کریں گے

بہلائیں گے سیر گل و شبنم سے دل اپنا

اس عارض گل رنگ کی پروا نہ کریں گے

انگاروں پہ لوٹیں گے پر ان شعلہ رخوں کے

نظارہ سے ہم آنکھ بھی سینکا نہ کریں گے

عصمت کا انہیں خوف ہے تقویٰ کا ہمیں پاس

نے کی ہے کبھی خواہش بے جا نہ کریں گے

بکنے کے شہیدیؔ کے برا مانیو مت جان

ہیں عاشق صادق کبھی ایسا نہ کریں گے