Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جہاں کو چھوڑ دیا تھا جہاں نے یاد کیا

مجید لاہوری

جہاں کو چھوڑ دیا تھا جہاں نے یاد کیا

بچھڑ گئے تو بہت کارواں نے یاد کیا

ملا نہیں اسے شاید کوئی ستم کے لئے

زہ نصیب مجھے آسماں نے یاد کیا

وہ ایک دل جو کڑی دھوپ میں جھلستا تھا

اسے بھی سایۂ زلف بتاں نے یاد کیا

پناہ مل نہ سکی ان کو تیرے دامن میں

وہ اشک جن کو مہ و کہکشاں نے یاد کیا

خیال ہم کو بھی کچھ آشیاں کا تھا لیکن

قفس میں ہم کو بہت آشیاں نے یاد کیا

ہمارے بعد بہائے کسی نے کب آنسو

ہم اہل درد کو ابر رواں نے یاد کیا

غم زمانہ سے فرصت نہیں مگر پھر بھی

مجیدؔ چل تجھے پیر مغاں نے یاد کیا