Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جہاں تک عشق کی توفیق ہے رنگیں بناتے ہیں

دل شاہ جہانپوری

جہاں تک عشق کی توفیق ہے رنگیں بناتے ہیں

وہ سنتے ہیں ہم ان کو سر گذشت دل سناتے ہیں

ادھر حق الیقیں ہے اب وہ آتے اب وہ آتے ہیں

ادھر انجم مری اس ذہنیت پر مسکراتے ہیں

شب غم اور مہجوری یہ عالم اور مجبوری

ٹپک پڑتے ہیں آنسو جب وہ ہم کو یاد آتے ہیں

وہیں سے درس حسن و عشق کا آغاز ہوتا ہے

جہاں سے واقعات زندگی ہم بھول جاتے ہیں

ہمیں کچھ عشق کے مفہوم پر ہے تبصرہ کرنا

اک آہ سرد کو عنوان شرح غم بناتے ہیں

بہا کر اشک خوں کھینچی تھیں جو آئینۂ دل میں

ہم ان موہوم تصویروں کو اب رنگیں بناتے ہیں

شباب زندگی جلووں کا اک معصوم نظارہ

ہمیں اے دل وہ افسانے ابھی تک یاد آتے ہیں