Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جی بھر کے کبھی یار کا جلوہ نہیں دیکھا

جگر بسوانی

جی بھر کے کبھی یار کا جلوہ نہیں دیکھا

دیکھا بھی تو اس طرح کہ گویا نہیں دیکھا

مرنے کا نہیں غم مگر اس بات کا غم ہے

اس نے مرے مرنے کا تماشا نہیں دیکھا

جھرمٹ میں رہے غمزۂ تمکین و حیا کے

خلوت میں بھی ان کو کبھی تنہا نہیں دیکھا

کس زور پہ کس جوش پہ ہے ان کی جوانی

تھمتے کبھی سینے پہ دوپٹہ نہیں دیکھا

آنکھوں میں پھرے اور وہ آنکھوں سے چھپے بھی

آنکھوں نے اس انداز کا پردہ نہیں دیکھا

خلوت میں جگرؔ یاد کیا کرتے ہو کس کو

ملتے تمہیں لوگوں سے زیادہ نہیں دیکھا