Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جوانی کی حالت گزر جائے گی

مرزا مسیتابیگ منتہی

جوانی کی حالت گزر جائے گی

چڑھی ہے جو سر پر اتر جائے گی

جدھر کو مری چشم تر جائے گی

ادھر کام دریا کا کر جائے گی

زمانے کی ایذا کا شکوہ نہ کر

گزرتے گزرتے گزر جائے گی

کھلے گا تجھے عشق بازی کا حال

یہ حرص ہوا جبکہ مر جائے گی

مرے جسم خاکی سے ہو کے جدا

یہ روح رواں پھر کدھر جائے گی

مرے نغموں سے عندلیب چمن

کہاں اڑ کے تو مشت پر جائے گی

توجہ تری او بت بے وفا

مرا کام آخر کو کر جائے گی

بہار چمن جبکہ ہوگی خزاں

مری وحشت دل کدھر جائے گی

اگر جذبۂ دل پہ قابو رہا

شب وصل کی پھر ٹھہر جائے گی

کھنچی ہے جو تیغ محبت دلا

یہی ایک دن تیرے سر جائے گی

چڑھی ہوگی کچے گھڑے کی جسے

اترتے اترتے اتر جائے گی

قمار محبت میں گر آہ کی

یہ جیتی ہوئی بازی ہر جائے گی

مری مرگ ایسی ہے اے منتہیؔ

کہ جس کی عدم تک خبر جائے گی