Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جور زمیں نہ تھا ستم آسماں نہ تھا

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

جور زمیں نہ تھا ستم آسماں نہ تھا

وہ بھی تھا وقت جب کہ غم دو جہاں نہ تھا

کوئی بھی لطف زیست تہہ آسماں نہ تھا

دنیا مری خراب تھی تو مہرباں نہ تھا

سنتا یہ کون ضبط پہ قابو نہیں ہے اب

اچھا ہوا جو کوئی مرا راز داں نہ تھا

ضد کر رہا ہوں اب کہ یہ میرا بیاں نہ تھا

بدنام خود ہوئے ہو زباں سے نکال کر

میرا سوا تمہارے کوئی راز داں نہ تھا

سجدوں کی داد مل گئی باب قبول سے

مانا نظر کے سامنے وہ آستاں نہ تھا

مایوسیٔ نظر کے مناظر ہیں خوفناک

پھر آپ ہی کہیں گے مجھے یہ گماں نہ تھا

وہ میرے سامنے تھے میں تھا ان کے سامنے

جب تک کہ میرا راز کسی پر عیاں نہ تھا

للہ ہم سے قصۂ عالمؔ نہ پوچھئے

سنتے ہیں لاش پر کوئی بھی نوحہ خواں نہ تھا