Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جوش وحشت میں مسلم ہو گیا اسلام عشق

ابو الکلام آزاد

جوش وحشت میں مسلم ہو گیا اسلام عشق

کوچہ گردی سے مری پورا ہوا احرام عشق

میرے مرنے سے کھلا حال محبت خلق پر

سنگ مرقد بن گیا آئینہ انجام عشق

یہ صلہ پایا وفا کا حسن کی سرکار سے

چہرۂ عاشق کی زردی ہے زر انعام عشق

پہلے تھا رخ کا تصور اب ہے گیسو کا خیال

وو تھی صبح عشق گویا اور یہ ہے شام عشق

آستان یار پر ہر وقت سجدہ کیجیے

ہے یہی بس دین عشق ایمان عشق اسلام عشق

ہوں اسیر زلف ظاہر ہے خط تقدیر سے

دائرے حرفوں کے مل کر بن گئے ہیں دام عشق

عرش اعظم سے بھی اونچی ہو گئی میری فغاں

آج تک پایا نہ اے آزادؔ اوج بام عشق