Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جور پیہم کی انتہا بھی ہے

نسیم بھرتپوری

جور پیہم کی انتہا بھی ہے

ایک کے بعد دوسرا بھی ہے

غیر نے بزم یار میں ہم سے

کچھ کہا ہے تو کچھ سنا بھی ہے

شوق سے دل مرا کرو پامال

یہی کمبخت کی سزا بھی ہے

ان کی ترچھی نظر سے ڈرتا ہوں

یہ ادا ہی نہیں قضا بھی ہے

کہتے ہیں وہ جو پوچھتا ہوں مزاج

آپ سے کوئی بولتا بھی ہے

نہیں واقف نسیمؔ سے کیا خوب

کوئی تم پر مٹا ہوا بھی ہے