Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

خدمت خلق

امین حزیں سیالکوٹی

کاش میں ایک پیڑ بن جاتا

پیڑ بن کر جہاں کے کام آتا

رات دن اک جگہ کھڑا رہتا

گرمی سردی کی شدتیں سہتا

خوب بارش میں بھیگ جاتا مگر

شکوہ ہرگز نہ لاتا میں لب پر

دھوپ میں لوگ میرے پاس آتے

میرے سائے میں وہ سکوں پاتے

چھاؤں میں آ کے بیٹھ جاتے پرند

پھول پھل پتیوں سے سب میری

پوری کرتے ضرورتیں اپنی

میں کسی گھر میں ایندھن ہی بنتا

یا عمارت کے کام میں آتا

الغرض جس طرح بھی بن پڑتا

خدمت خلق میں لگا رہتا