Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

خانۂ زنجیر کا پابند رہتا ہوں سدا

امانت لکھنوی

خانۂ زنجیر کا پابند رہتا ہوں سدا

گھر عبث ہو پوچھتے مجھ خانماں برباد کا

عشق قد یار میں کیا ناتوانی کا ہے زور

غش مجھے آیا جو سایہ پڑ گیا شمشاد کا

خود فراموشی تمہاری غیر کے کام آ گئی

یاد رکھیے گا ذرا بھولے سے کہنا یاد کا

خط لکھا کرتے ہیں اب وہ یک قلم مجھ کو شکست

پیچ سے دل توڑتے ہیں عاشق ناشاد کا

عشق پیچاں کا چمن میں جال پھیلا دیکھ کر

بلبلوں کو سرو پر دھوکا ہوا صیاد کا

قامت جاناں سے کرتا ہے اکڑ کر ہم سری

حوصلہ دیکھے تو کوئی سرو بے بنیاد کا

بے زبانی میں امانتؔ کی وہ ہیں گل ریزیاں

ناطقہ ہو بند اے دل بلبل ناشاد کا