Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

خریدار اپنا ہم کو جانتے ہو

Mushafi Ghulam Hamdani (1751–1824)

خریدار اپنا ہم کو جانتے ہو

بھلا اتنا تو تم پہچانتے ہو

بنے گا چہرہ یہ کس کا مہ و مہر

جو تم بیٹھے صباحت چھانتے ہو

اٹھو اے زخمیان کوچۂ یار

عبث کیوں خوں میں ماٹی سانتے ہو

وہ آنے کا نہیں اب گھر سے باہر

تم اس قاتل کو کم پہچانتے ہو

یکا یک کر گزرتے ہو وہی جان

تم اپنے جی میں جو کچھ ٹھانتے ہو

غرض ہو آشنا اپنی ہی ضد کے

کسی کی بات کو کب مانتے ہو

گیا ہے قافلہ میاں مصحفیؔ اب

عبث دامن کو تم گردانتے ہو