Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل ستم زدہ بیتابیوں نے لوٹ لیا

Insha Allah Khan Insha (1752–1817)

دل ستم زدہ بیتابیوں نے لوٹ لیا

ہمارے قبلہ کو وہابیوں نے لوٹ لیا

کہانی ایک سنائی جو ہیر رانجھا کی

تو اہل درد کو پنجابیوں نے لوٹ لیا

یہ موج لالہ خود رو نسیم سے بولے

کہ کوہ و دشت کو سیرابیوں نے لوٹ لیا

صبا قبیلۂ لیلیٰ میں اڑ گئی یہ خبر

کہ ناقہ نجد کے اعرابیوں نے لوٹ لیا

کسی طرح سے نہیں نیند آتی انشاؔ کو

اسی خیال میں بے خوابیوں نے لوٹ لیا