Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل دیا تب کہ بہت زلف رسا نے چاہا

عبدالرحمان احسان دہلوی

دل دیا تب کہ بہت زلف رسا نے چاہا

آپ فرماتے ہیں یوں اس کی بلا نے چاہا

تا دم مرگ نہ ہوں تجھ سے مری جان جدا

میں نے چاہا تھا ولیکن نہ خدا نے چاہا

چل بسے دیکھتے ہی چال ادا کی ہم تو

ہو وے قصہ ہی ادا تیری ادا نے چاہا

گھر سے کس طرح سے یوں حضرت منعم نکلیں

دی نہ بوبو نے اجازت نہ دوانے چاہا

ہو کے یک دست ترے اور ہی اے یار نمود

جب تجھے ہم سے کسی بے سر و پا نے چاہا

مرتے مرتے بھی نہ یک بار تجھے دیکھ لیا

اس قدر بھی نہ مری جان قضا نے چاہا

کوئی اپنا نہ ہوا سلسلہ جنبان جنوں

ایک فی الجملہ اسی زلف دوتا نے چاہا

جس طرح چاہو ستاؤ مجھے ہر روز بتو

اس کا اک رات عوض لوں گا خدا نے چاہا

نام عنقا سے بھی ننگ آتا ہے احسانؔ مجھے

شہرۂ نام کو کیوں اہل فنا نے چاہا