Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل سرد ہو گیا ہے طبیعت بجھی ہوئی

آغا شاعر قزلباش

دل سرد ہو گیا ہے طبیعت بجھی ہوئی

اب کیا ہے وہ اتر گئی ندی چڑھی ہوئی

تم جان دے کے لیتے ہو یہ بھی نئی ہوئی

لیتے نہیں سخی تو کوئی چیز دی ہوئی

اس ٹوٹے پھوٹے دل کو نہ چھیڑو پرے ہٹو

کیا کر رہے ہو آگ ہے اس میں دبی ہوئی

لو ہم بتائیں غنچہ و گل میں ہے فرق کیا

اک بات ہے کہی ہوئی اک بے کہی ہوئی

خوں ریز جس قدر ہیں وہ رہتے ہیں سرنگوں

خنجر ہوا کٹار ہوئی یا چھری ہوئی

شاعرؔ خدا کے واسطے توبہ کا کیا قصور

ہے کس کے منہ سے پھر یہ صبوحی لگی ہوئی