Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل دیا ہے ہم نے بھی وہ ماہ کامل دیکھ کر

شیر سنگھ ناز دہلوی

دل دیا ہے ہم نے بھی وہ ماہ کامل دیکھ کر

زرد ہو جاتی ہے جس کو شمع محفل دیکھ کر

تیرے عارض پہ یہ نقطہ بھی ہے کتنا انتخاب

ہو گیا روشن ترے رخسار کا تل دیکھ کر

قتل کرنا بے گناہوں کا کوئی آسان ہے

خشک قاتل کا لہو ہے خون بسمل دیکھ کر

بلیوں فرط مسرت سے اچھل جاتا ہے دل

بحر غم میں دور سے دامان ساحل دیکھ کر

آئینے نے کر دیا یکتائی کا دعویٰ غلط

نقش حیرت بن گئے اپنا مقابل دیکھ کر

دیکھ تو لیں دل میں تیرے گھر بھی کر سکتے ہیں ہم

دل تو ہم دیں گے تجھے لیکن ترا دل دیکھ کر

دیکھیے راہ عدم میں اور پیش آتا ہے کیا

ہوش پراں ہو رہے ہیں پہلی منزل دیکھ کر

آرزوئے حور کیا ہو نازؔ دل دے کر انہیں

شمع پر کیا آنکھ ڈالیں ماہ کامل دیکھ کر