Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل رقیب تو دیکھا مرا جگر دیکھیں

راجہ نوشاد علی خان

دل رقیب تو دیکھا مرا جگر دیکھیں

ادھر کے دیکھنے والے ذرا ادھر دیکھیں

کسی کے حسن پہ ہیں ایسی شیفتہ آنکھیں

پری جو سامنے آئے نہ ایک نظر دیکھیں

ابھی نہائے ہیں کپڑے بدلنے بیٹھے ہیں

مجال کیا ہے ہماری جو ہم ادھر دیکھیں

ہزاروں صورت موسیٰ ہیں طالب دیدار

جو ایک ہو تو وہ دیکھیں کدھر کدھر دیکھیں

ہمارے دل میں جو حسرت ہے جو تمنا ہے

نہ مانیں گے نہ سہی آج عرض کر دیکھیں

کوئی جگہ نہیں خالی ہے تیرے جلوے سے

کہاں کہاں تجھے دیکھیں کدھر کدھر دیکھیں

جو اضطرابئ دل کا نہ ہو یقین ان کو

ہماری طرح سے وہ بھی کسی پہ مر دیکھیں

رقیب آئنہ نوشادؔ اور دل نوشادؔ

وہ ایک دیکھنے والے کدھر کدھر دیکھیں